پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے دوران پارٹی صدر شہباز شریف کو کچھ ہوا تو ن لیگ کا ہاتھ وزیراعظم عمران خان اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کے گریبان پر ہوگا۔
لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں رانا ثنا اللّٰہ نے پارٹی صدر میاں محمد شہباز شریف کی نیب میں پیشی کو نیب نیازی گٹھ جوڑ کی بدنیتی قرار دیا۔
رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا تھا کہ کورونا وبا میں شہباز شریف کو کچھ ہوا تو مسلم لیگ (ن) کا ہاتھ اور عمران خان صاحب اور چیئرمین نیب کا گریبان ہوگا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 2 جون کو پیشی کا نوٹس دے کر 28 مئی کو وارنٹ گرفتاری پر دستخط نیب نیازی گٹھ جوڑ کی بدنیتی اور مکاری کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو دھوکے سے گرفتار کرنے کی کوشش اختیارات کا ناجائز استعمال ہے۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ 5 اکتوبر 2018 کو بھی شہباز شریف کو نیب نیازی گٹھ جوڑ نے دھوکے سے گرفتار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو صاف پانی میں سوال پوچھنے کے بہانے بلا کر آشیانہ میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ نے جب شہباز شریف کی ضمانت منظور کی، تب ثبوت پیش کیوں نہیں کیے گئے۔