وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی حکومت پر تنقید ہوا میں تیر چلانے کے مترادف ہے۔
لاہور میں وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شہباز شریف کی بے تکی بیان بازی ڈرائنگ روم سیاست کا عملی نمونہ بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کو واپس لانےکے لیے ہر ممکن وسائل استعمال کررہی ہے، یو اے ای سے 10 ہزار 5 سو پاکستانیوں کی واپسی کے لیے 46 اسپیشل فلائٹس چلائی جارہی ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 15جون تک یو اے ای سے تمام پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔
اپنے بیان میں اُ ن کا کہنا ہے کہ حال ہی میں جدہ سے 287، بغداد سے 248 پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا ہے، بیرون ملک ہمارے سفارت خانے اپنے ہم وطنوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لینڈ ہونے والی ہر فلائٹ کے مسافر کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ مسافروں سے درخواست ہےکہ وہ سفارت خانے سے تصدیقی کال آنے پر اپنی ٹکٹ کی قیمت ادا کریں۔