• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ صنم سعید نے مداحوں کو اپنے بچپن کی پسندیدہ فلم کے بارے میں بتا دیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر صنم سعید نے 1939 میں ریلیز ہونے والی مشہور ہالی ووڈ فلم ’دی وزرڈ آف اوز‘ کی دو ویڈیو کلپس پوسٹ کیں۔


فلم ’دی وزرڈ آف اوز‘ کی ویڈیو کلپس پوسٹ کرتے ہوئے صنم سعید نے لکھا کہ ’یہ فلم میری پسندیدہ فلموں کی فہرست میں سے ایک ہے۔‘

صنم سعید نے لکھا کہ ’دی وزرڈ آف اوز جادو، خوشی اور حیرت انگیز مناظر سے بھرپور فلم ہے جس سے ہمیں نرم مزاجی اور دوسروں کی دیکھ بھال کرنے کا سبق حاصل ہوتا ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’اِس فلم کو دیکھنے کے بعد یہ یقین ہوگیا کہ اپنے گھر جیسی پُرسکون جگہ کوئی نہیں ہوتی۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ دل کو چُھو جانے والے کرداروں، مشہور گانوں اور خوبصورت رنگوں سے مل کر بنی یہ فلم میری پسندیدہ ہے۔‘

آخر میں انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو بچوں کے ساتھ یہ فلم دیکھنے کی تجویز بھی دی۔

یاد رہے کہ ’دی وزرڈ آف اوز‘ 1939کی مشہور فینٹسی ہالی ووڈ فلم ہے اور یہ فلم سال 1900 میں بچوں کے لیے لکھی جانے والی کتاب ’دی ونڈرفل وزرڈ آف اوز‘ پر مبنی ہے اور اس کتاب کو تحریر کرنے والے لیمن فرینک نامی مصنف تھے۔

اس فلم کی کہانی ’ڈورتھی گیل‘ نامی ایک نوجوان لڑکی کے گرد گھومتی ہے جس کے شہر میں بھنور آجاتا ہے اور وہ اُس بھنور سے خود کو بچانے کے لیے ایک گھر میں پناہ لیتی ہے لیکن بدقسمتی سے وہ گھر بھی اس طوفان کی زد میں آجاتا ہے اور پھر وہ ایک جادوئی دُنیا میں پہنچ جاتی ہے۔

تازہ ترین