• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا پبلک ورکس پروگرام شروع کرنے کا مطالبہ

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں بڑے پیمانے پر پبلک ورکس پروگرام شروع کرنے کا مطالبہ کردیا۔

شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملکی معیشت چلانے کے لئے شرح سود فی الفور کم کر کے 6 فیصد کیا جائے اور ملک بھر میں سرکاری ترقیاتی پروگرام کے تحت تعمیرات کا آغاز کیا جائے تاکہ لوگوں کو روزگار مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ سڑکیں، اسکول، کلینک، گودام، نہروں کو پختہ بنانے کے منصوبے شروع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، حکومت نے پھر غلط فیصلہ کیا اور پی ایس ڈی پی میں اضافے کی بجائےگزشتہ برس سے بھی کم بجٹ رکھا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پی ایس ڈی پی میں بجٹ بڑھائیں، ملک میں نئے منصوبے شروع کرکے معاشی سرگرمیاں بڑھا سکتے ہیں۔ حکومت انکم ٹیکس میں کمی کا جرات مندانہ اقدام کرے اور عوام پر سے بوجھ کم کرے۔

اُن کا کہنا ہے کہ برے حالات میں عوام کو ریلیف اور رعایت پرمبنی بجٹ دیں، طلب بڑھانے سے ہی معیشت چل سکتی ہے۔ سی پیک منصوبوں کے لیے وسائل اُونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہیں۔

کراچی سے پشاور تک ریلوے اپ گریڈیشن کے لیے مختص رقم سے منصوبہ اگلے 200 سال میں مکمل نہیں ہوگا، ٹیکس جمع نہ ہونے کی ذمہ دارخود حکومت ہے، یہ اس کا اپنا پیدا کردہ مسئلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ہماری بنائی ہوئی پالیسی پر چلتی تو اس سال 5000 ارب ٹیکس جمع ہوتا اور آئندہ مالی سال کا ٹیکس ہدف 5700 ارب ہوتا۔ ضد کے بجائے دانائی، دانشمندی، کھلے ذہن اور دل سے سوچا جائے۔ حکومت عوام سے وسائل لینے کے بجائے انہیں وسائل اور ریلیف دینے کی پالیسی اپنائے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 5.8 فیصد اور منفی شرح ترقی کے حالات میں زمین آسمان کا فرق ہے، دونوں کے لیے بجٹ میں الگ نوعیت کے اقدامات درکار ہیں۔ 

تازہ ترین