مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے معروف ٹی وی کیمپیئر طارق عزیز کے انتقال پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے شہباز شریف نے لکھا کہ ’طارق عزیز نے ریڈیو، ٹی وی اور فلموں میں اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔‘
شہباز شریف نے لکھا کہ ’طارق عزیز علم و ادب اور فنون لطیفہ سے محبت رکھنے والے انسان تھے۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’طارق عزیز پاکستان کی پہچان اور پُرجوش آواز تھے، اور پاکستان اُن کے ایمان کا حصہ تھا۔‘
شہباز شریف نے طارق عزیز کے لیے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ اُنہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے آمین۔‘
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھی طارق عزیز کے انتقال پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ذرائع کے مطابق طارق عزیز کی عمر 84 برس تھی اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔
طارق عزیز ادیب، شاعر اور سابق رکن قومی اسمبلی بھی تھے، انہوں نےکئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
معروف اداکار طارق عزیز پی ٹی وی کے مقبول پروگرام نیلام گھر کے میزبان تھے۔