معروف ٹی وی کمپیئر اور کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے طارق عزیز کے انتقال پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
مائیکر و بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان پیپلز پارٹی کے تصدیق شد ہ اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ سامنے آیا ہے جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے طارق عزیز کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’طارق عزیز ایک ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے، وہ ناصرف ایک بہترین اداکار تھے بلکہ ایک بہترین براڈکاسٹر، سیاستدان، شاعر اور ایک اچھے انسان بھی تھے۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’ہم پاکستان کے لیے طارق عزیز کی علمی، ادبی، فلاحی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔‘
اُنہوں نے طارق عزیز کے لیے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ ’اللّہ تعالیٰ اُن کے لواحقین کو صبرجمیل عطا کرے آمین۔‘
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی معروف ٹی وی کمپیئر طارق عزیز کے انتقال پر شدید دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ذرائع کے مطابق طارق عزیز کی عمر 84 برس تھی اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔
طارق عزیز ادیب، شاعر اور سابق رکن قومی اسمبلی بھی تھے، انہوں نےکئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔