• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طارق عزیز کے انتقال پر وزیر اعظم کا اظہار افسوس

معروف ٹی وی کمپیئر اور کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے طارق عزیز کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ ’میں طارق عزیز کے انتقال کی خبر سُن کر نہایت ہی افسردہ ہوں۔‘

عمران خان نے لکھا کہ ’طارق عزیز اپنے دور کی ایک نامور شخصیت اور ٹیلی ویژن پر تفریحی پروگرام (ٹی وی گیم شو) کے موجد تھے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں طارق عزیز کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتا ہوں، میری دعائیں اور ہمدردیاں اُن کےاہل خانہ کے ساتھ ہیں۔‘

واضح رہے کہ ذرائع کے مطابق طارق عزیز کی عمر 84 برس تھی اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔

طارق عزیز ادیب، شاعر اور سابق رکن قومی اسمبلی بھی تھے، انہوں نےکئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

طارق عزیز نے ریڈیو پاکستان سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا انہیں پاکستان ٹیلی ویژن کے پہلے اینکر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

تازہ ترین