پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ عائشہ نے ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی ترک اداکارہ اسرا بلجک کے لیے سوشل میڈیا پر محبت بھرا پیغام جاری کیا ہے۔
حال ہی میں اسرا بلجک نے پہلی مرتبہ پاکستان کے ایک میگزین کے لیے فوٹو شوٹ کیا ہے اور ساتھ ہی اُس میگزین کو انٹرویو بھی دیا ہے اِسی حوالے سے عائشہ عمر نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسرا بلجک کے پاکستانی میگزین کے لیے پہلے فوٹو شوٹ کے پوسٹر کی تصویر اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کی۔
انسٹاگرام اسٹوری میں پوسٹر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے عائشہ عمر نے اسرا بلجک کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہیلو حلیمہ، ہم سب آپ سے بہت پیار کرتے ہیں۔‘
عائشہ عمر نے لکھا کہ ’ہم آپ کے پاکستان آنے کا انتظار نہیں کرسکتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ اسرا بلجک نے پہلی مرتبہ پاکستان کے ایک میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی حقیقی زندگی میں بھی حلیمہ سلطان کی طرح ہی حساس اور مضبوط ہیں۔
اسرا بلجک نے کہا تھا کہ حلیمہ بھی بالکل اُن کی ہی طرح اپنے دل کی آواز سنتی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی کبھی اپنے دماغ اور اقدار کو نظر انداز نہیں کرتی۔
’ارطغرل غازی‘ کی شہرت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا تھا کہ وہ اُن تمام لوگوں کا ایک ایک کرکے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں اور اُن کی بہت شُکر گزار بھی ہیں جنہوں نے ڈرامے میں اُن کی اداکاری کو بےحد پسند کیا اور اُسے سراہا۔
اُنہوں نے کہا تھا کہ وہ پاکستان آکر وہاں کے حسین مقامات کی تصاویر بنانے کی خواہش رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اُنہیں پاکستان کے حسین ترین مقام بابو سر (کاغان) کے پہاڑوں سے محبت ہے۔
اپنے انٹرویو کے آخر میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ دنیا ہمارا گھر ہے، یہاں کوئی قوم نہیں، کوئی سرحد نہیں اور یہاں کوئی بڑا یا چھوٹا نہیں ہے بلکہ سب برابر ہیں۔