تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل:مریم رانا
ملبوسات:منوش برائیڈل کلیکشن
آرایش:ماہ روز بیوٹی پارلر
عکّاسی: ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
وقت جیسا بھی ہو،بالآخر گزر ہی جاتا ہے اور جب گزرتے وقت کے ساتھ یہ وبائی دَور ختم ہوگا، تویقیناً زندگی پھر سے چہچہانے لگے گی۔ رنگ برنگے پھولوں سےلدے سرسبزوشاداب باغات بچّوں، بڑوں کا استقبال کریں گے۔ بِنا کسی ڈر و خوف کےاپنوں سے ملاقاتیںہوں گی، تو ہر طرف ہنسی، مسکان کے جلترنگ بجیں گے، خوشیوں کی پھلجڑیاں پُھوٹیں گی، سجنے سنورنے کا بھی مَن چاہے گا اور شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کی بھی رونقیں بحال ہوں گی۔
بہرکیف، اِن حالات میں بھی شادی بیاہ کی تقریبات سادگی ہی سے سہی، انجام تو پارہی ہیں۔ اور لاڈوں سے پلی بڑھی بیٹیوں کے والدین کی تو یہی خواہش ہے کہ ان کی لختِ جگر حسین و دِل کش عروسی لباس زیبِ تن کرکے خُوب سج دھج کر ہنستی مُسکراتی ہی بابل کی دہلیز پار کریں۔ تولیجیے،ایسے ہی مواقع کے لیے ہم نے آج اپنی بزم کچھ حسین و دِل کش سے عروسی پیراہنوں سے مرصّع کردی ہے۔ذرا دیکھیے،باٹل گرین بنارسی شرارے کے ساتھ ٹی پنک رنگ میں ڈبل لئیر پیپلم کس قدر پیارا لگ رہا ہے۔
پیپلم کے گلے پر طلائی زری، اور نگوں کا کام ہے، تو گھیر پر گوٹے کا جال۔ اِسی طرح عنّابی رنگ کم گھیر کی شلوار کے ساتھ کنٹراسٹ میں بھاری کام دار میٹیلک رنگ قمیص اور نیٹ دوپٹا ایک خُوب صُورت انتخاب ہے، تو فون رنگ بھاری کام دار کلیوں والی قدرے لمبی گھیر دار میکسی کے ساتھ سُرخ رنگ دوپٹّے کا بھی کیا ہی کہنا۔ پھر ڈل گولڈن بنارسی شرارے کے ساتھ ڈارک گولڈن بھاری کام دار شرٹ کی جدّت و ندرت بھی اپنی مثال آپ ہے۔