• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کی 25چوکیوں پر فرنٹ ڈیسک کی سہولیات فراہم

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے ضلع کی 25چوکیوں پر فرنٹ ڈیسک کی سہولیات فراہم کر دیں، فرنٹ ڈیسک کے چوکی کی سطح پر قیام سے درخواستوں کے التوا ، غیر قانونی حراست، ناروا سلوک جیسی شکایات کا ازالہ ہو سکے گا، تمام چوکیوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا نظام بھی کام کر رہا ہے، چوکیوں کی حوالات میں ملزمان کو زیر حراست نہیں رکھا جاسکے گا۔ راولپنڈی کی جن چوکیوں میں فرنٹ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں ان میں چوکی حمیدہ، شاہ فیصل،کچہری،گلریز،گلزار قائد،سکیم تھری،سٹی ٹیکسلا،کینٹ ٹیکسلا،پولیس پوسٹ نمبر 3، پولیس پوسٹ نمبر4،گرجا،اڈیالہ،رنیال،چک بیلی خان،چکری،انڈسٹری ایریا،ڈھوک امب، دولتالہ، سکھو،چوک پنڈوری، کرور،لہتراڑ،سنی بینک، تریٹ اورپولیس پوسٹ نمبر4رتہ امرال شامل ہیں، شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں پر ای ٹیگ نمبر جاری کیا جائے گا جس سے درخواستوں کو التوا میں رکھنے کی شکایت کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ہر درخواست پر کی جانے والی قانونی کارروائی کو سینئر افسران کی جانب سے مانیٹر کیا جا سکے گا، ایسے اقدامات سے شہریوں کی درخواستوں کو التواء میں رکھے جانے کی شکایات کا تدارک ممکن ہو سکے گا،چوکیوں میں حوالات کا خاتمہ کرتے ہوئے ملزمان کو صرف تھانے کی حوالات میں بند کرنے کے احکامات سے اورچوکیوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے چوکیوں پر غیرقانونی حراست اورنارواسلوک جیسے واقعات کا ازالہ ممکن ہو سکے گا، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چوکیوں کی 24گھنٹے آن لائن مانیٹرنگ کی جارہی ہے، سی پی او محمد احسن یونس نے اس موقع پر کہا کہ راولپنڈی پولیس کی جانب سے چوکیوں پر فرنٹ ڈیسک اورجدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لانے کا مقصد تھانہ کلچر میں تبدیلی اور شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔سی پی او کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات بہتر سروس ڈلیوری اور درخواستوں کے التوا، ناروا سلوک اور غیر قانونی حراست سمیت شہریوں کی دیگرشکایات کے ازالے کے لیے ایک کاوش ہے۔
تازہ ترین