• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت 5 سال پورے کریگی، آئندہ وزیراعظم بھی عمران، عامر ڈوگر

حکومت 5 سال پورے کریگی، آئندہ وزیراعظم بھی عمران، عامر ڈوگر


کراچی (ٹی وی رپورٹ)چیف وہپ قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی آئندہ وزیراعظم بھی عمران خان ہوں گے، عمران خان کا تحریک انصاف میں کوئی متبادل نہیں ہے، 160ووٹوں سے بجٹ منظور ہونے کے بعد اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکل گئی، اختر مینگل کے 70فیصد مسائل حل ہوچکے ہیں عنقریب وہ واپس آئیں گے، شیخ رشید اور اختر مینگل دونوں ہمارے اتحادی ہیں، شیخ رشید نے اختر مینگل سے متعلق کچھ کہا تو یہ دونوں کے آپس کا معاملہ ہے، اپوزیشن نے خوامخواہ اٹھارہویں ترمیم کا شوشا چھوڑا ہوا ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر خان اور سربراہ جمہوری وطن پارٹی شاہزین بگٹی بھی شریک تھے۔شاہزین بگٹی نے کہا کہ شیخ رشید نے اختر مینگل سے متعلق غیرمناسب الفاظ استعمال کیے، وزیراعظم عمران خان کو شیخ رشید کے بیان کا نوٹس لینا چاہئے،جمہوری وطن پارٹی کبھی اٹھارہویں ترمیم کے خلاف نہیں جائے گی۔خرم دستگیر خان نے کہا کہ وزیراعظم کی آج اور گزشتہ تقریر سے سراسیمگی کا تاثر ملتا ہے، حکومت کو بجٹ منظور کروانے کیلئے بہت بھاگ دوڑ کرنا پڑی، عمران خان کی پچھلی تقریر میں کچھ متانت تھی مگر آج دوبارہ کنٹینر پر چلے گئے، اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ پر اپوزیشن کو متحد کررہے ہیں ،ملک میں ہمہ جہتی انہدام سے نمٹنے کیلئے مداخلت سے پاک صاف و شفاف عام انتخابات واحد حل ہیں، حکومت کی نااہلی کی وجہ سے برطانیہ اور یورپی یونین نے پی آئی اے اور سول ایوی ایشن پر پابندی لگادی ہے۔چیف وہپ قومی اسمبلی عامر ڈوگر نےکہا کہ پچھلے سال کی نسبت 31زیادہ ووٹوں سے بجٹ منظور کیا گیا، 160ووٹوں سے بجٹ منظور ہونے کے بعد اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکل گئی، ہم چاہتے تھے اپوزیشن چیلنج کرے تاکہ اسے پتہ لگ جائے کتنے پانی میں ہے، ہماری خواہش تھی کہ عمران خان کی تقریر کے دوران اپوزیشن پارلیمنٹ میں بیٹھی ہوتی، حکومت کے پاس 189ارکان ہیں اس میں 10ارکان کورونا کی وجہ سے بیمار جبکہ 2اکان ملک سے باہر ہیں، شاہزین بگٹی ایک منٹ کی تاخیر سے ایوان پہنچے جبکہ چار ارکان کھانا کھارہے تھے، اگر یہ تمام ممبر قومی اسمبلی میں ہوتے تو کل ووٹ 180تک پہنچ جاتے۔ عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ اختر مینگل کی خدمات کو قدر سے دیکھتے ہیں، انہوں نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کیلئے بات کی ہے، اختر مینگل کے 70فیصد مسائل حل ہوچکے ہیں عنقریب وہ واپس آئیں گے، شیخ رشید او ر اختر مینگل دونوں ہمارے اتحادی ہیں، شیخ رشید نے اختر مینگل سے متعلق کچھ کہا تو یہ دونوں کے آپس کا معاملہ ہے، تحریک انصاف کا شیخ رشید کے بیان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

تازہ ترین