• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان پاکستان کے وزیراعظم بننے کو تیار نہیں، بلاول


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں ایک بالغ وزیراعظم کی ضرورت ہے، عمران خان پاکستان کے وزیراعظم بننے کو تیار نہیں ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے سب سے پہلے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور حملے کو ناکام بنانے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پولیس نے فوری ایکشن لے کر بڑی تباہی سے بچایا، عمر کوٹ سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکار رفیق سومرو نے دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنیوالے پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، پورا پاکستان سندھ پولیس کے اہلکاروں پر فخر کرتا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز کی قربانیوں کی وجہ سے ہی پاکستان کی معیشت بہتر ہوئی ہے۔

کورونا وائرس پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دعویٰ کیا جارہا ہے کورونا کیسز اور ہلاکتیں کم ہو رہی ہیں، یہ جھوٹ ہے۔

انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ حکومت نے شروع دن سے ہی کورونا سے نمٹنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

بجٹ پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے، حکومت نے تنخواہوں اور پینشنز میں اضافہ نہیں کیا اور نہ ہی ڈاکٹروں اور طبی عملے کا تحفظ کیا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے پہلے کبھی ایسے چینلجز کا مقابلہ نہیں کیا، اس وقت پاکستان کے تاریخی چیلنجز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت ملک میں بہتری لانے کے بجائے معاملات مزید بگاڑ رہی ہے اور ہر میدان میں مسائل پیدا کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیٹرول بم گرا کا پاکستانیوں کی جیب پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے اور بجٹ پاس ہونے سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا غیر قانونی نوٹیفکیشن جاری کیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب پیٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں تب بھی عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا۔

انہوں نے مافیاز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ مافیاز نہیں، پی ٹی آ ئی حکومت کے فرنٹ مین ہیں، پی ٹی آئی حکومت غریبوں کا نام لے کر امیروں کو فائدہ پہنچاتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا کا وزیراعظم ہے، ہمیں ایک بالغ وزیراعظم کی ضرورت ہے جو پاکستان کے مسائل کا سامنا کرسکے۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کے وزیراعظم بننے کو تیار نہیں ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارا وزیراعظم پہلا وزیر اعظم ہے جس نے مودی کی انتخابی مہم چلائی۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم نے آج تک ڈاکٹرز طبی عملے سے ملاقات نہیں کی، وزیر اعظم نے صرف امیروں سے ملاقات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ سے نظر آرہا ہے تعلیم، صحت، بےروزگاری ان کی ترجیح نہیں، عمران خان ہمارے سامنے آنے کو تیار نہیں ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر اسامہ بن لادن شہید ہے تو ضرب عضب، سوات آپریشن، اور اے پی ایس پر آپ کا کیا موقف ہے؟

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ پہلا وزیراعظم ہے جو پاکستان میں کشمیر پر اتفاق رائے پیدا نہیں کرسکا۔

تازہ ترین