• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی صورتحال کے ذمہ دار نااہل حکومت اور اسکے آقا ہیں، فضل الرحمٰن

کبیر والا، شجاع آباد (نامہ نگاران) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملکی صورتحال کے ذمہ دار نااہل حکومت اور اسکے آقا ہیں،کورونا نے حکومت کو وقتی تحفظ فراہم کیا۔

عوام کی اکثریت ان سے نالاں ہے، ملک اس وقت جن مسائل سے دوچار ہے ان سب کی ذمہ دار موجودہ نااہل حکومت اور اس کے خیر خواہ آقا ہیں۔ کورونا نے موجودہ حکومت کو وقتی تحفظ فراہم کیا ہے تاہم عوام کی اکثریت اس حکومت سے نالاں و پریشان ہے۔ اس حکومت سے نجات حاصل کئے بغیر ہم ملک کو مسائل سے نہیں نکال سکتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کبیر والا کے نواحی علاقے مان کوٹ میں جامعہ اشرفیہ میں علماء و عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وہ یہاں مولانا مفتی احمد انور کے ماموں کے انتقال پر تعزیت کیلئے آئے تھے، اس موقع پر مولانا حافظ عبدالباسط مرالی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ مدارس کھولنے کے حوالے سے تمام مسالک کے علماء سے رابطے میں ہیں اور انشاءاللہ جو بھی اعلان کریں گے متفقہ طور پر کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ایک بیماری ہے جس سے حفاظت ہم سب کا انسانی فریضہ ہے۔

شجاع آباد میں مدرسہ جامعہ فاروقیہ میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پختون بیلٹ میں مذہب کی جڑیں گہری ہیں اسی لئے مغربی سازش کے تحت خیبر پختون خواہ میں تحریک انصاف کی حکومت لائی گئی۔ آج ملک میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں دینے کے پیسے نہیں ہیں۔

تبدیلی جو آئی ہے وہ ہم سب دیکھ رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن شجاع آباد میں خواجہ عزیز الرحمن بہلوی مرحوم کی وفات پر تعزیت کے لئے مدرسہ اشرف العلوم تشریف لائے تھے۔

تازہ ترین