• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، عمران کے اقدامات پر 70 فیصد پاکستانی مطمئن، یاسمین راشد

’کورونا، عمران کے اقدامات پر 70 فیصد پاکستانی مطمئن‘


کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ لاہوریوں کو کچھ کہا ہے توا نسان اپنے بچوں سے ہی ناراض ہوتا ہے،لاہورمیں کورونا کے مریض سب سے زیادہ تھے اس لئے تکلیف ہوتی تھی، پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی ہے، عمران خان کے کورونا سے متعلق اقدامات پر 70فیصد پاکستانی مطمئن ہیں، ہم سڑکیں اور پل بنانے کے بجائے 600بیڈ کا اسپتال بنارہے ہیں۔

کورونا اور مالی مشکلات کے باوجود پنجاب میں چار اسپتال زیرتعمیر ہیں، نواز شریف ہمارے پاس آئے تو ان کے پلیٹ لٹس کم تھے، نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس جعلی نہیں ہوسکتی تھیں، ہم نے ان کی ٹریٹمنٹ کی تو ان کی حالت بہترہوئی، نواز شریف صحت مند ہوگئے ہیں تو واپس پاکستان آنا چاہئے۔

وہ جیوکے پروگرام ”ایک دن جیو کے ساتھ“ میں میزبان سہیل وڑائچ سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نےکہا کہ ایوب خان کے خلاف 16سال کی عمر میں پہلی دفعہ جلوس نکالا تھا، خوش قسمتی سے میری شادی بھی سیاسی خاندان میں ہوئی،میرے میاں کی پھوپھی نے میرے سارے بچے پالے ہیں۔

ڈاکٹروں کی سیاست کرتی تھی اس لئے اسپتالوں اور مریضوں کے مسائل کے بارے میں آگاہ تھی، پی ٹی آئی حکومت نے پہلے بجٹ میں ڈاکٹروں کی تنخواہیں بڑھائیں، ڈاکٹروں کی کمی کے سبب آتے ہی نوکریاں دینے کا کام کیا، ٹریڈ یونین میں تھی تو ہمیشہ پہلے لکھ کر مطالبات دیتی منظور نہ ہونے پر احتجاج کرتی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ جس حلقے سے الیکشن لڑتی تھی نواز شریف ہمیشہ وہاں سے الیکشن لڑتے تھے، نواز شریف اسے اپنا جاگیری حلقہ سمجھتے تھے اس حلقہ سے الیکشن لڑنا بڑا چیلنج تھا، عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا کہ میں یہ چیلنج لڑسکتی ہوں، میں ہر الیکشن میں اپنے ووٹوں کی تعداد بڑھاتی گئی،2018 ء کے الیکشن میں اس حلقہ سے ایک لاکھ 6ہزار ووٹ لیے، انتخابی مہم میں ذاتی طور پر ہزاروں ووٹروں سے ملاقات کی، تعلیم اور صحت جیسی وزارتیں ٹیکنیکل وزارتیں ہوتی ہیں، عمران خان کی مہربانی کہ خواتین کی مخصوص نشست پر کامیابی کے باوجو انہو ں نے مجھے صحت کی وزارت دی۔

میری ساری زندگی کوشش تھی کہ مجھے صحت کی وزارت ملے تاکہ لوگوں کی خدمت کرسکوں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ میرے چار بچے ہیں، بڑی بیٹی انگلینڈ میں گائناکولوجسٹ ہے، بڑا بیٹا ایمریٹس ایئرلائن میں پائلٹ ہے، دیگر پائلٹس کی طرح اس کے لائسنس کی تصدیق مانگی گئی ہے، اس سے چھوٹا بیٹا پاکستان اسٹیٹ آئل میں کام کرتا ہے، سب سے چھوٹا بیٹا امریکا میں ہے۔

یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ دنیا کے چالیس ملکوں کی سیر کرچکی ہوں سب سے زیادہ متاثر جاپانیوں سے ہوئی، مجھے ڈاکٹر کے ساتھ پائلٹ بننے کا بھی شوق تھا،میں نے لاہور فلائنگ کلب فلائنگ بھی کی تھی،قومی سطح پر ٹیبل ٹینس بھی کھیلی ، 1975ء میں پاکستان نمبر دو تھی لیکن پڑھائی کی وجہ سے جاری نہیں رکھ سکی۔

یاسمین راشد نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی ہے، عمران خان نے کورونا سے متعلق اقدامات پر 70فیصد پاکستانی مطمئن ہیں، ہم سڑکیں اور پل بنانے کے بجائے 600بیڈ کا اسپتال بنارہے ہیں، جب وہ اسپتال مکمل ہو کر ماؤں اور بچوں کو بچائے گا وہ ہمارا اصل کام ہوگا۔

کورونا کے حوالے سے لاہور ایپی سینٹر بن کر ابھرا ہے، پنجاب کے 78ہزار مریضوں میں سے 35ہزار صرف لاہور میں ہیں، 13جون کے بعد سے کورونا کے مریضوں کی تعداد کم ہونا شروع ہوگئی ہے، اس وقت بھی کورونا کے 400مریضوں کی مفت ڈوزموجود ہیں، ہمیں ایک ڈوز 1لاکھ 2ہزار روپے میں پڑی ہے۔

تازہ ترین