گریٹر مانچسٹر بھر میں کام کرنے والی فلاحی تنظیمیں اور کمیونٹی گروپس جرائم پیشہ افراد سے ضبط کی گئی رقوم میں سے اپنا حصہ حاصل کرنے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
یہ رقم اسیٹ ریکوری انسینٹیوائزیشن اسکیم (اثاثوں کی بازیابی پر ترغیبی اسکیم) کے تحت جرائم سے حاصل شدہ اثاثوں کی ضبطی کے بعد پولیس کو فراہم کی جاتی ہے، جسے بعد ازاں مقامی کمیونٹیز میں سرمایہ کاری کےلیے استعمال کیا جاتا ہے۔ تازہ ترین فنڈنگ کےلیے درخواستیں جنوری کے اختتام تک کھلی رہیں گی۔
ماضی میں کامیاب ہونے والے منصوبوں میں پیور انسائٹ شامل ہے، جو 16 سے 28 سال کی عمر کے 175 کیئر لیورز کی معاونت کرنے والا ایک ہم عمر قیادت پر مبنی منصوبہ ہے، جبکہ فرسٹ کک فاؤنڈیشن بری میں پرائمری اسکولوں کے ذریعے نوجوانوں کی شمولیت اور بااختیاری کے پروگرام چلاتی ہے۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کے اکنامک اور سائبر کرائم یونٹ کے سربراہ ڈیٹیکٹو سپرنٹنڈنٹ اینڈریو بک تھورپ نے کہا کہ جرائم سے حاصل شدہ رقم کو دوبارہ کمیونٹی کی فلاح کے لیے استعمال کرنا نہایت موزوں اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس رقم سے جرائم کی روک تھام، عوام کے تحفظ اور متاثرین کی دیکھ بھال میں مدد ملتی ہے، جس سے گریٹر مانچسٹر کو رہائش، کام اور سیاحت کے لیے ایک بہتر جگہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گریٹر مانچسٹر کے عوام کو جرائم سے محفوظ رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس عمل کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کو ان مالی وسائل سے محروم کیا جا رہا ہے جو وہ مزید جرائم کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
تازہ ترین فنڈنگ پروگرام کے تحت ستمبر میں 12 گروپس کو فائدہ پہنچایا گیا، جن میں بولٹن کا ایک کمیونٹی باکسنگ اور اسپورٹس کلب بھی شامل ہے۔
ایلیٹ کمیونٹی ہب CIC، جو بولٹن کی ورڈزورتھ اسٹریٹ پر قائم ہے، ہر ہفتے 350 سے زائد بچوں اور نوجوانوں کو مفت باکسنگ ٹریننگ فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ سابق فوجیوں کے لیے فٹنس کلاسز، 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے فلاحی سیشنز اور خصوصی تعلیمی ضروریات (SEN) رکھنے والوں کے لیے جامع باکسنگ پروگرام بھی پیش کیے جاتے ہیں۔
یہ ادارہ اسکول کی تعطیلات کے دوران بچوں کے لیے مفت ہاف ٹرم کلبز بھی منعقد کرتا ہے، جن میں کھانا اور تفریحی سرگرمیاں شامل ہوتی ہیں۔ ادارہ مستقبل میں ایک نیا کچن اور میوزک روم تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ مزید نوجوانوں کو اپنی سرگرمیوں میں شامل کیا جا سکے۔
پروجیکٹ منیجر کیلم وال بینک نے کہا کہ انہوں نے ARIS اور گریٹر مانچسٹر پولیس کے ساتھ مل کر کام کیا ہے اور بہت سے نوجوان مختلف یوتھ ایجنسیوں کے ذریعے کلب میں بھیجے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ نوجوان مجرموں کے ساتھ بھی کام کرتا ہے اور ان نوجوانوں کو متوجہ کرنا چاہتا ہے جو باکسنگ میں دلچسپی نہیں رکھتے، اسی لیے موسیقی اور غذائیت کی تعلیم پر توجہ دی جا رہی ہے۔
ادارے کے ڈائریکٹر اور ہیڈ کوچ اسکاٹ مچل نے کہا کہ ان کے ادارے کا مقصد ایسے نوجوانوں کو، جنہیں اکثر "ناقابل تربیت" سمجھا جاتا ہے، قابل روزگار بالغ افراد میں تبدیل کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باکسنگ نے انہیں نظم و ضبط اور درست سمت فراہم کی اور وہ چاہتے ہیں کہ آنے والی نسل کو بھی یہی مواقع میسر ہوں۔
گریٹر مانچسٹر پولیس کے انسپکٹر نکولس بونسن نے کہا کہ ایلیٹ کمیونٹی ہب نے بولٹن کے نوجوانوں کے ساتھ مثبت روابط اور درست سمت دینے میں شاندار کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے منصوبوں میں موسیقی اور کھانا پکانے کی سہولیات، تعلیمی وسائل تک رسائی اور زندگی کی مہارتوں کی تربیت شامل ہے، جو مکمل طور پر مفت فراہم کی جائیں گی۔
پولیس کے مطابق، فلاحی ادارے اور کمیونٹی گروپس درج ذیل بنیادوں پر اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
جرائم اور سماجی بدامنی کی روک تھام، عوام کے تحفظ اور متاثرین کی دیکھ بھال اور کمیونٹی منصوبوں کی معاونت، اثاثہ جات کی مزید ضبطی میں معاون سرگرمیاں شامل ہے۔ اسکے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 25 جنوری ہے۔