• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلوی ہائی کمشنر کا آم کھانے کا ’دیسی اسٹائل‘ مقبول

پاکستان میں تعینات آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا کا دیسی اسٹائل میں آم کھانے کا انداز مقبول ہوگیا، اس سے انداہ ہوتا ہے کہ پاکستانیوں نے انہیں بھی اپنے رنگ میں رنگ لیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے دیسی اسٹائل میں آم کھانے کی مختلف تصویریں  شیئر کرتے ہوئے اپنے اس سے پہلے کئے گئے ٹوئٹ جس میں وہ چھری کانٹے سے آم کھاتے دکھائی دے رہے تھے، کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پچھلے ٹوئٹ میں آپ سب کے دیسی اسٹائل میں آم کھانے کے مشورے کو سنجیدگی سے لیا اور روایتی انداز میں آم کھانے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک اچھے آم کو اچھے طریقے سے کھایا جائے تو اس میں آپ کے حوصلے بلند کرنے کی طاقت ہوتی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ آم کھانا آپ کو اتنی ہی خوشی دے سکتا ہے کہ جتنا آئسکریم کھانا، پاکستان میں آم کو پھلوں کا بادشاہ بجا طور پر کہا جاتا ہے۔

ڈاکٹر جیفری شا نے آم سے اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’پاکستانی آم میری پسندیدہ آم ہیں، موسمِ گرما کا یہ پھل محض ایک پھل نہیں بلکہ پاکستان کی ثقافت، فنون لطیفہ، شاعری اور ادب کا بھی ایک اہم جزو ہے۔‘

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی بتایا کہ پاکستان آم برآمد کرنے والا دنیا کا چھٹا سب سے بڑا ملک ہے، پاکستان کے لذیذ اور رسیلے آم آسٹریلیا میں بھی تیزی سے مقبول ہوتے جارہے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے بھی بتایا تھا کہ وہ پاکستانی آم کے دیوانے ہوگئے، آموں کے حوالے سےٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں مرزا غالب بھی یاد آگئے تھے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں آم کے عاشق معروف اردو شاعر مرزا اسد اللہ خان غالب کے الفاظ دہراتے ہوئے لکھا کہ ’آموں میں بس دو خوبیاں ہونی چاہئیں، ایک میٹھے ہوں اور دوسرا بہت سارے ہوں۔‘ انہوں نے پاکستانیوں کا آم کی پیٹیاں بھجوانے پر شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

تازہ ترین