کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری آصف باجوہ نے کہا ہے کہ پی ایچ ایف قومی کھلاڑیوں سےنیا مالی معاہدہ کرے گا اس حوالے سے قومی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دے گی،فیڈریشن خود مالی بحران کا شکار ہے مگر اس کے باوجود کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے،پی ایچ ایف کے آڈٹ اکائوئنٹ پر کئے گئے اعتراض کا جواب جمع کرادیا ہے، انہوں نے کہا کہ ہر آڈٹ رپورٹ پر کچھ نہ کچھ اعتراضات ہوتے ہیں،جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پر اگر کوئی کرپشن کا الزام ہو تو بتایا جائے ، آڈٹ کے حوالے سے ہر سوال کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں،انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ حکومت کی جانب سے تین سال قومی کھیل ہاکی کے لئے 15لاکھ روپے کی گرانٹ ملی ہے،اس رقم سے یہ کھیل کیسے زندہ ہوسکتا ہےحکومت ہمیں براہ راست گرانٹ دینے کے بجائے پی ایس بی کے نمائندے کو ہمارے ساتھ شامل کردے اور وہی دی ہوئی گرانٹ کو خرچ کرے ،ہم اسے پلان بناکر دے دیتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پی ایس بی کے بورڈ سے ہاکی کو نکالنے پر وزارت بین الصوبائی امور کو خط لکھا ہے جس میں اس فیصلے پر نظرثانی کے لئے کہا ہے۔