• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں آٹے کی قیمت میں اضافے کا اثر پورے سندھ میں دکھائی دینے لگا


کراچی میں آٹے کی قیمت میں اضافے کا اثر پورے سندھ میں دکھائی دے رہا ہے، شہر قائد سے کشمور تک آٹا مہنگا ہوگیا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق حیدر آباد میں دس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد 10 کلو آٹے کا تھیلا 550 روپے کا ہو گیا ہے۔

حیدرآباد میں چکی پر آٹا 55 سے 60 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔

تاہم چکی مالکان کا کہنا ہے کہ سرکاری گندم دستیاب نہیں، اوپن مارکیٹ میں سے مہنگی گندم خرید رہے ہیں۔

ادھر میرپور خاص میں 10 کلو فائن آٹے کا تھیلا 520 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

میرپورخاص میں ایک ہفتے کے دوران 10 کلو آٹے کے تھیلے پر 20 روپے اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب سکھر میں چکی آٹا کی قیمت میں ایک روز میں 4 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا۔

جیکب آباد، شکارپور اور کشمور میں چکی آٹا میں 2 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے جس کے بعد آٹا 48 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے۔

سپر فائن آٹا کی قیمت میں 4 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد سپر فائن آٹا 53 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل کراچی میں آٹے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا، ریٹیل بازار میں ڈھائی نمبر آٹا فی کلو 6 روپے مہنگا ہوگیا۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹیل بازار میں ڈھائی نمبر آٹا 54 روپے کلو ہوگیا، جبکہ فائن آٹےکی فی کلوقیمت میں 4 روپے اضافہ ہوا۔

تازہ ترین