• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا مطیع اللّٰہ جان کی گمشدگی پر اظہار تشویش


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سینئر صحافی مطیع اللّٰہ جان کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کردیا۔

ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سینئر صحافی کی گمشدگی انتہائی قابل مذمت اور قابل تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی میڈیا کو خاموش کرانے کی کوششیں شرمناک ہیں۔

دوسری طرف ن لیگی رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا کہ مطیع اللّٰہ جان کی کل توہین عدالت کیس میں پیش تھی، ان کا حراست میں لیا جانا قابل مذمت ہے۔

اس سے قبل سینئر صحافی مطیع اللّٰہ جان کی اہلیہ نے کہا تھا کہ ان کے شوہر کی گاڑی اسلام آباد کے علاقے جی6 میں ان کے اسکول کے پاس کھڑی پائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ شوہر کو کچھ لوگ زبردستی اپنے ساتھ لے کر گئے ہیں۔

اس حوالے سے پولیس نے کہا کہ تھانہ آبپارہ میں صحافی مطیع اللّٰہ جان کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کرلی گئی ہے، اس حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ بات تو طے ہے کہ مطیع اللّٰہ جان اغوا کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آج ہی پتہ لگالیں کہ سینئر صحافی کہا ہیں تاکہ ان کی بازیابی کی حکمت بنائی جاسکے۔

تازہ ترین