• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر صحافی مطیع اللّٰہ جان گھر پہنچ گئے

اسلام آباد سے اغواء کیے گئے سینئر صحافی مطیع اللّٰہ جان 12گھنٹے بعد اپنے گھر واپس پہنچ گئے، مطیع اللّٰہ جان کو فتح جنگ کے قریب کچے کے علاقے میں چھوڑا گیا۔

نمائندہ جیو نیوز اعزاز سید سے گفتگو میں سینئر صحافی مطیع اللّٰہ جان نے کہا کہ میری آنکھ پر پٹی باندھ کر پہلے مجھے ایک جگہ لے جایا گیا، پھر مختلف جگہوں پر گھماتے ہوئے فتح جنگ کے قریب ایک کچے علاقے میں چھوڑ دیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد کچھ لوگوں نے مجھے اپنے ساتھ بیٹھایا اور میرے بھائی اور اہل خانہ سے بات کی اور مجھے ان کے حوالے کردیا۔

ذرائع کے مطابق اب سے کچھ دیر قبل وزیراعظم عمران خان نے مطیع اللّٰہ جان کے اغوا کے بارے میں مشیر برائے امور داخلہ شہزاد اکبر سے بھی گفتگو کی تھی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے دوران گفتگو سینئر صحافی کی فوری بازیابی کےلیے ہر ممکن کوشش کی ہدایت کی تھی۔

اس سے قبل وفاقی وزراء شبلی فراز، فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے سینئر صحافی کے اغوا پر تشویش کا اظہار کیا اور جلد از جلد بازیابی کے حوالے حکومتی کارروائی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور خواجہ آصف نے مطیع اللّٰہ جان کے گمشدگی پر تشویش کااظہار کیا تھا۔

تازہ ترین