• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری کا مطیع اللّٰہ جان کے اغوا پر تشویش کا اظہار


وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دارلحکومت اسلام آباد سے سینئر صحافی مطیع اللّٰہ جان کے اغوا پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ مطیع اللّٰہ جان کا اغوا پریشان کن اور افسوسناک ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیز مطیع اللّٰہ جان کی بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گی۔

اس سے قبل اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سینئر صحافی کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا تھا کہ مطیع اللّٰہ جان کی گمشدگی انتہائی قابل مذمت اور تشویشناک ہے، حکومت کی میڈیا کو خاموش کرانے کی کوششیں شرمناک ہیں۔

سینئر صحافی مطیع اللّٰہ جان کی اہلیہ نے کہا تھا کہ ان کے شوہر کی گاڑی اسلام آباد کے علاقے جی6 میں ان کے اسکول کے پاس کھڑی پائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ شوہر کو کچھ لوگ زبردستی اپنے ساتھ لے کر گئے ہیں۔

اس حوالے سے پولیس نے کہا کہ تھانہ آبپارہ میں صحافی مطیع اللّٰہ جان کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کرلی گئی ہے، اس حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ بات تو طے ہے کہ مطیع اللّٰہ جان اغوا کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آج ہی پتہ لگالیں کہ سینئر صحافی کہا ہیں تاکہ ان کی بازیابی کی حکمت بنائی جاسکے۔

تازہ ترین