پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ حکومت میں جرات ہے تو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دے۔
ایک بیان میں پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کے مطالبات اور اٹھائے گئے نکات انتہائی اہم ہیں۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ حکومت میں جرات ہے تو سامنے آکر بلاول کے اٹھائے گئے سوالات کے جواب دے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے یہ بھی کہا کہ نیب متنازع، سیاسی انجنیئرنگ کا ادارہ بننے کے ساتھ ساتھ بلا تفریق احتساب میں ناکام ہوچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ فیصلے کے بعد چیئرمین نیب اپنے عہدے پر فائز رہنے کا جواز کھو چکے ہیں۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ بی آر ٹی، مالم جبہ، بلین ٹری کرپشن کیسز پر نیب خاموش رہا۔
مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ آڈٹ رپورٹ میں 270 بلین روپے کا گھپلا ہوا مگر نیب خاموش رہا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت پارٹی رہنما سید خورشید شاہ بھی انتقامی کارروائی کا نشانہ بن چکے ہیں۔