• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول صوبائی کارڈ کی طرح صوبائی ماسک کھیل رہے ہیں، شہبازگل


کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے کہاہے کہ مطیع اللہ جان کے اغوا کی تحقیقات کے نتائج سامنے لائے جائیں گے، صرف سیف سٹی کیمروں سے مطیع اللہ جان کے اغوا کی تحقیقات نہیں ہوسکتی، بلاول بھٹو صوبائی کارڈ کی طرح صوبائی ماسک کھیل رہے ہیں، بلاول لاہور میں وقت ضائع کررہے ہیں، شہباز شریف ان سے نہیں ملیں گے اور باجی بھی سائلنٹ موڈ پر ہیں، دہری شہریت والوں کو بھی پاکستان میں الیکشن لڑنے کی اجازت ہونی چاہئے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگوکررہے تھے۔ پروگرام میں سینئر تجزیہ کار مشرف زیدی اور صدرپریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ عبدالقیوم صدیقی بھی شریک تھے۔مشرف زیدی نے کہا کہ مطیع اللہ جان کے اغوا سے ریاست کا لنگڑا لولا پن سامنے آگیا ہے،مطیع اللہ جان اغوا معاملہ میں چالیس سیکنڈ سے پندرہ منٹ میں سب کچھ سامنے آسکتا ہے لیکن ایسا نہیں ہوگا، بلاول بھٹو آئین، جمہوریت اوروفاقیت پرصحیح بات کرتے ہیں لیکن اپنے صوبے میں انتظامی چیلنجز پر بات نہیں کرتے۔عبدالقیوم صدیقی نے کہا کہ مطیع اللہ جان کو اغوا کرنے والوں کی شکلیں واضح ہیں، نادراکے سسٹم میں وہ تصاویر ڈالی جائیں تو پانچ منٹ میں ان کا حدود اربع معلوم ہوجائے گا، اسلام آباد میں لگے سیکیورٹی کیمروں کے ذریعہ گاڑی کی نمبر پلیٹ سے اغوا کاروں تک پہنچا جاسکتا ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نےکہاکہ کسی بھی شہری کیخلاف قانون سے ہٹ کر کارروائی درست نہیں ہے، قومی سلامتی کے معاملات میں کچھ چھوٹ ہوتی ہے، مطیع اللہ جان کو سب جانتے ہیں وہ کہیں بارود نہیں رکھتے، مطیع اللہ جان کا اغوا اور رہائی میری سمجھ سے بھی بالاتر ہے، مطیع اللہ جان کے اغوا کی تحقیقات ہوں گی نتائج سامنے لائے جائیں گے۔

تازہ ترین