• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کو ختم کرنے کی باتیں سمجھ سے بالا تر ہیں، صداقت علی عباسی

نیب کو ختم کرنے کی باتیں سمجھ سے بالا تر ہیں، صداقت علی عباسی


کراچی( ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام’’ آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سےگفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ نیب کو ختم کرنے کی باتیں سمجھ سے بالا تر ہیں،رہنما پیپلزپارٹی چوہدری منظوراحمد نے کہا کہ نیب کو ختم ہونا چاہئے اس کی جگہ ایک غیر جانبدار ادارہ بنایاجائے جو بلاامتیاز سب کا احتساب کرے،ن لیگ کی رہنما شائستہ ملک نے کہا کہ کے پی میں تحریک انصاف نےاحتساب کا ادارہ بندکردیا۔ رہنما تحریک انصاف صداقت علی عباسی نے کہاکہ اگر نیب میں خامیاں ہیں تو انہیں دور کرنا چاہئے۔ البتہ نیب کو ختم کرنے کی باتیں سمجھ سے بالا تر ہیں۔ نون لیگ اور پیپلزپارٹی کیخلاف ہم نے کوئی کیس نہیں بنایا ،ہمارے دور میں نیب آزاد ہے البتہ خامیاں تمام اداروں میں ہیں۔نیب نے پچھلے سال 150ارب روپے کی ریکوری کی ہے ۔دوبڑی جماعتوں کی قیادت پرکیسز چل رہے ہیں اس لئے دونوں نیب کے خاتمے کی باتیں کررہے ہیں ۔اگرنیب اتنا برا تھا تو انہوں نے پہلے یہ ادارہ ختم کیوں نہیں کیا ۔نون لیگ کیخلاف فیصلہ آتا ہے تو یہ عدلیہ پر چڑھائی کردیتے ہیں اور ان کے حق میں فیصلہ آئے تو مٹھائی بانٹتے ہیں۔ایک طرف اپوزیشن کہتی ہے حکومت کے اختیار میں کچھ نہیں ،سب کچھ کوئی اور چلا رہا ہے دوسری طرف یہ کہتے ہیں نیب ہمارے قابومیں ہے ۔ رہنما پیپلزپارٹی چوہدری منظوراحمد نے کہا کہ نیب کو ختم ہونا چاہئے اس کی جگہ ایک غیر جانبدار ادارہ بنایاجائے جو بلاامتیاز سب کا احتساب کرے ،عدالتیں کہہ چکی ہیں کہ نیب کے ذریعے بازو مروڑا جاتا ہے ،سیاسی انجینئرنگ کی جاتی ہے ۔

تازہ ترین