گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے شہر چلاس میں آسمانی بجلی گرنے کے بعد بونر نالے میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہوگئی اور پہاڑی تودہ مقامی آبادی پر آ گرا جس کے نتیجے میں 6 افراد تودے تلے دب گئے، امداد کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر قاسم اعجاز کے مطابق چلاس کے بونر نالے کے ساتھ مضافاتی گاؤں میں آسمانی بجلی گر گئی جس کے بعد نالے میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہوگئی اور پہاڑی تودہ مقامی لوگوں پر آ گرا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تودہ گرنے سے 6 افراد ملبے تلے دب گئے، جن میں 4 لڑکے اور 2 لڑکیاں شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر قاسم اعجاز کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی مدد سے ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہیں، دورافتادہ علاقہ ہونے کے باعث ہیلی کاپٹر کی مددحاصل کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: استور میں مکان پر تودہ گر گیا، 2 بچے جاں بحق
ادھر گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللّٰہ فراق کے مطابق نگران وزیرِ اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر دیامر کو ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جی بی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور آر ایچ کیو اسپتال چلاس میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ترجمان وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان فیض اللّٰہ فراق کا یہ بھی کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ملبے میں دبے افراد کو جلد نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔