لاہور(نمائندہ جنگ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی صورتحال سمیت اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے عوام کو دو سال میں کچھ نہیں دیا،ناکام ہوچکی،مولانا فضل الرحمٰن نے شہباز شریف کو کورونا وائرس سے صحتیابی پر مبارکباد دی اور ان سے ان کے بڑ ے بھائی نواز شریف کی صحت کے حوالے سے بھی آگاہی حاصل کی ۔ دونوں رہنمائوں نے ملک کے موجودہ معاشی حالات ، نیب قانون میں ترمیم ، عید الاضحیٰ کے بعد مجوزہ اے پی سی کے انعقاد سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ دونوں رہنمائوں نے ملک کی معاشی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کیا ہے تمام اپوزیشن جماعتیں مل کر چلیں گی،آج ہر طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے ۔ حکومت کی پالیسیاں ملک کو تنزلی کی جانب لے کر جارہی ہیں جو لمحہ فکریہ ہے ۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے نیب قانون میں ترمیم کے حوالے سے بھی اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا ۔شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور آئندہ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے ۔