• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمگلنگ بند ہو تو کچھ لوگ امن و امان کے مسائل پیدا کرتے ہیں، شبلی


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اسمگلنگ بند ہوجاتی ہے تو بعض لوگ امن و امان کی صورتحال پیدا کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شبلی فراز نے کہا کہ عید کے موقع پر چمن بارڈر بند کیا گیا تو مفاد پرست عناصر نے لوگوں کو اکسایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اکسانے پر کچھ لوگوں نے زبردستی نکلنے کی کوشش کی، سرحد پار سے فائر بھی ہوئے، چوکیوں کو نقصان پہنچایا گیا تو ہماری طرف سے ردعمل ہوا۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ کوشش ہے کہ جہاں واقعہ رونما ہوا وہاں حالات معمول پر آجائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ ہماری سرحدیں ہیں، پاکستان نے کورونا کی روک تھام کے لیے سرحدیں بند کیں، چمن سرحد کے اردگر چوکیوں کے قریب فائرنگ ہوئی۔

شبلی فراز نے کہا کہ وبا کی وجہ سے طورخم، غلام خان، انگور اڈا بارڈر بند کیے گئے، افغانستان لینڈ لاک ملک ہے اور تجارت پاکستان سے ہو کر جاتی ہے، افغانستان، پاکستان کی حکومتوں نے فیصلہ کیا ایک دن بارڈر کھولا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کی درآمدات کا خیال رکھا ہے، ہم نے تمام چیزوں کا ڈیٹا رکھنے کے لیے بارڈر پر سختی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ 3 ہزار لوگ سرحد سے آیا جایا کرتے تھے، افغانستان سے اسمگلنگ بھی کافی ہوتی ہے، عید سے پہلے تمام بارڈر بند کردیے گئے تھے۔

شبلی فراز نے مزید کہا کہ امید ہے افغان حکومت ہمارے ساتھ تعاون کرے گی اور بارڈر کے لیے بنائے گئے قواعد و ضوابط پورے ہوں گے۔

تازہ ترین