کورونا وائرس کے باعث 18.300 ٹریلین کی یورپین معیشت کو 11 اعشاریہ 1 فیصد کا ریکارڈ نقصان پہنچ چکا ہے۔
اس سال کی دوسری سہ ماہی میں کورونا وباء کے باعث یہ معاشی نقصان اس اندازے سے بھی زیادہ ہے جس کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔
یورپین یونین کے شماریاتی ادارے یورو اسٹیٹ نے یورو زون کی دوسری سہ ماہی کے نقصان کا تخمینہ اب 12.1 فیصد کردیا ہے۔
یورو زون میں اس وباء سے سب سے زیادہ نقصان 18.5 فیصد اسپین کو پہنچا ہے۔ دوسرے نمبر پر پرتگال ہے جس کے نقصان کا تخمینہ 14.1 فیصد ہے۔
معاشی نقصان کے حوالے سے فرانس اور اٹلی تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔ جن کے نقصان کا تخمینہ بالترتیب 13.8 اور 12.4 فیصد لگایا گیا ہے۔
باقی ممالک میں نقصان کی شرح کے حساب سے بیلجیئم، آسٹریا، جرمنی، چیک ریپبلک اور لٹویا کا نمبر آتا ہے۔
یورپ اس وباء سے لڑنے کیلئے اسمارٹ لاک ڈاؤن اور دیگر طریقے اختیار کر رہا ہے۔ لیکن یورو اسٹیٹ کے مطابق اگر یہ وباء جاری رہی تو یورپین معیشت میں مشترکہ کرنسی یورو استعمال کرنے والے ممالک کو 8.7 فیصد جبکہ تمام یورپین ممالک کی مجموعی پیداوار کا سال کے آخر تک نقصان کا تخمینہ 8.3 فیصد ہوگا۔