کراچی ( اسٹاف رپورٹ)سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان نے شاہراہ قائدین سے تجاوزات ختم کرانے سے متعلق کیس میں اپنے ریمارکس میں قرار دیا کہ شاہراہ قائدین کو کیا ہوگیا پہلے چھوٹے چھوٹے گھر تھے اب اونچی عمارتیں بنا دیں گئیں کس نے اجازت دی یہ عمارتیں بنانے کی، عدالت نےگرین بیلٹ بحالی کا کام ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ لائنز ایریا پورا ری میپ کرنا ہے، وہاں اونچی عمارتیں بنائیں اور لوگوں کو آباد کریں۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ کے روبرو شاہراہ قائدین سے تجاوزات ختم کرانے سے متعلق سماعت ہوئی۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ تجاوزات ختم کرکے گرین بیلٹ بحال کردیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کلینک کی جگہ تھی گرین بیلٹ نہیں تھا۔ عدالت نے خواجہ غریب نواز ٹرسٹ کی نظر ثانی کی درخواست مسترد کردی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے شاہراہ قائدین تو اب کچھ اور ہی ہوگیا ہے اب عجیب لگتا ہے۔ چھوٹے چھوٹے مکان تھے اونچی عمارتیں بنا دی گئیں۔ کس نے اجازت دی یہ عمارتیں بنانے کی؟ کمشنر کراچی نے کہا کہ مختلف لوگوں کو کے ایم سی اور کے ڈی اے نے الاٹمنٹ دی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے وہاں جرمن ماڈل اسکول ہوا کرتا تھا تلاش کررہا ہوں اب نظر نہیں آتا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پرچیوں پر الاٹمنٹ دی گئی ۔ لائنز ایریا بہت خوبصورت علاقہ ہوتا تھا۔ اب تو وہاں سے گزرتے ہوے ڈر لگتا ہے۔ عدالت نے گرین بیلٹ بحالی کا کام ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔