قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج ہونے والی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے مریم نواز کی پیشی کو منسوخ کیا گیا، اس ہنگامہ آرائی کے ذمے داروں کے خلاف مقدمہ درج کریں گے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز کو آج ذاتی حیثیت میں مؤقف لینے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
نیب اعلامیے کے مطابق نون لیگ کے کارکنوں کے ذریعے منظم انداز میں غنڈہ گردی، پتھراؤ اور بد نظمی کا مظاہرہ کیا گیا، نیب کے 20 سالہ دور میں پہلی مرتبہ آئینی و قومی ادارے کے ساتھ اس نوعیت کا برتاؤ روا رکھا گیا۔
نیب نے اعلامیے میں کہا ہے کہ نیب کی عمارت پر پتھراؤ سے کھڑکیوں کے شیشے توڑے گئے، نیب کے عملے کو بھی زخمی کیا گیا۔
قومی احتساب بیورو کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان حالات میں نیب کی جانب سے مریم نواز کی پیشی کو فوری طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔
نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد کارِ سرکار میں مداخلت کی ایف آئی آر درج کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: عثمان بزدار کا نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کا نوٹس
نیب کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو قومی ادارہ ہے، جس کی تمام تر وابستگیاں ملک و قوم کے ساتھ ہیں۔
جاری کیے گئے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیب کا کسی سیاسی جماعت اور گروہ سے کوئی تعلق نہیں، نیب تمام تر اقدامات آئین و قانون کی روشنی میں انجام دیتا ہے۔