• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریاستی جبر کا نتیجہ اچھا نہیں نکلتا، خواجہ آصف


اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ریاستی جبر کا کوئی اچھا نتیجہ نہیں نکلتا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ مریم نواز کی قومی احتساب بیورو (نیب) کے آفس میں آج پیشی تھی، کوئی بھی لیڈر عدالت آئے تو کارکن جمع ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ن لیگ کے کارکنوں پر فورس کا استعمال کیا، انہیں گرفتار کیا گیا، یہ ریاستی جبر ہے، جس کا اچھا نتیجہ نہیں نکلتا۔

سینئر ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ مریم نواز نوٹس کا جواب دینے کے لیے نیب دفتر پہنچیں تو پتھراؤ کیا گیا، ان کی گاڑی کا شیشہ توڑا گیا اور کارکنوں کو مارا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سیاست کو بدنام کرتے ہیں، سپریم کورٹ میں اتنا پہرہ نہیں ہوتا جتنا نیب دفتر کے باہر ہوتا ہے۔

خواجہ محمد آصف نے یہ بھی کہا کہ کارکنوں کے ساتھ نارواسلوک کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ن لیگ کے کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور ان کے خاندان بھی مقدمات کا سامنا کررہے ہیں جبکہ حکومت کی نااہلی کی داستانیں خود حکمران جماعت بیان کر رہی ہے۔

تازہ ترین