• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتساب عدالت کو 45 روز میں نثار مورائی ریفرنس نمٹانے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے غیرقانونی بھرتیوں اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے سے متعلق کیس میں سابق چیئرمین فشرمین کو آپریٹیو سوسائٹی نثار مورائی اور دیگر کی درخواست ضمانت پر احتساب عدالت کو 45 دن میں ریفرنس نمٹانے کی ہدایت کردی ۔ عدالت نے ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزمان کے وکلا اور پراسیکئوٹر کی جانب سے ملتوی کی درخواست نہیں کی جائےگی ۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو بروقت تمام گواہوں کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا م عدالت نے ہدایت دی ہے کہ ملزمان کے وکلا بلا تاخیر گواہوں پر جرح مکمل کریں گے ۔ بدھ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کون ہیں آپ کو قانون کا کچھ پتا ہے ؟۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ میرے پاس قائم مقام ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل کا چارج ہے ، ابھی تک 6 گواہوں کا بیان ریکارڈ ہوچکا ہے ، 23 گواہ رہ گئے ہیں ۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ان کو چھوڑنا ہے آپ کو ؟ چھوڑ دیں کیوں مصیبت میں ڈالا ہوا ہے سب کو ؟ اتنے عرصہ سے التوا ہے ریفرنس آپ چلاتے کیوں نہیں ؟. وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ تفتیشی افسر نہیں آتا ہم تو کیس چلاتے ہیں۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ لوگوں نے کیس نہیں چلایا تو نوکری سے جائیں گے ۔ بعد ازاں عدالت نے احتساب عدالت کو 45 دن میں ریفرنس نمٹانے کی ہدایت کردی ۔

تازہ ترین