• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری آٹا بلیک میں فروخت کرنے پر9 آٹا ڈیلرزکے لائسنس منسوخ

پشاور(وقائع نگار)محکمہ خوراک نے سرکاری آٹا بلیک میں فروخت کرنے پر 9ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی زیر نگرانی اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہʼ نعمان عامر اور فوڈ انسپکٹر محسن علی شاہ نے پشاور کے مختلف علاقوں میں قائم مہمند فلور مل ‘ پشاورفلور مل نیو پشاور فلور مل ۔شبقدر فلور مل۔قریشی فلور مل اور آدم فلور مل سمیت دیگر فلور ملوں کے دورے کئے اور فلور ملوں سے آٹے کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری ارسال کئے جبکہ بعد ازاں مختلف علاقوں میں قائم ڈیلرز میں آٹے کے نرخوں سے متعلق آگاہی حاصل کی جہاں پر 9ڈیلرز سرکاری نرخنامے سے تجاوز کر رہے تھے جن کے کوٹے اور لائسنس کو منسوخ کردیا گیا۔ واضح رہے کہ محکمہ خوراک کی جانب سے بہتر حکمت عملی اور بروقت فلور ملوں کو گندم کی ترسیل کے باعث پنجاب سے آنے والے سپیشل آٹا‘ فائن آٹا‘ سپر فائن آٹا کی قیمتوں میں ستر روپے تک کمی آگئی ہے۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری نرخ کے مطابق آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں جبکہ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری گرانفروشی کرنیوالوں کی نشاندہی کریں جن کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
تازہ ترین