• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ججز تعیناتی کے طریقہ کار پر ہمارے تحفظات ہیں، پاکستان بار کونسل


وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل عابد ساقی نے کہا ہے کہ ججز تعیناتی کے طریقہ کار پر ہمارے تحفظات ہیں، ججز تقرری کے معاملے میں میرٹ کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے مشترکا پریس کانفرنس کی۔

عابد ساقی نے کہا کہ ستمبر کے وسط میں آل پارٹیز کانفرنس میں ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار پر لائحہ عمل طے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیب قوانین کو مرضی کے مطابق استعمال کرنے کو بھی اے پی سی ایجنڈے کا حصہ بنا رہے ہیں، جبکہ عالمی سطح پر استحصالی اور ایف اے ٹی ایف قانون کو بھی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ زیربحث لائیں گے۔

عابد ساقی نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف قوانین کی بدنیتی پر مبنی شقوں پر بات کریں گے۔

وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل نے کہا کہ صحافیوں کی سلیکٹڈ ٹارگٹنگ اور اعلانی اور غیر اعلانی سنسرشپ باعث تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نیب قانون کو تبدیل کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں، نیب کے کالے قوانین کا خاتمہ اے پی سی کے ایجنڈے پر سر فہرست ہوگا۔

صدر سپریم کورٹ بار سید قلب حسن نے کہا کہ ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو جوڈیشل کمیشن کی تقرریوں کو نہیں مانیں گے۔

عابد ساقی نے کہا کہ سندھ حکومت کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو خطرناک ہے، سندھ حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے خلاف بھرپور جدوجہد کریں گے۔

تازہ ترین