• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت کراچی پر قبضہ کرنا چاہتی ہے، بلاول بھٹو


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے دارالحکومت کراچی پر قبضہ کرنا چاہتی ہے اور ہمیں کالونی بنانا چاہتی ہے۔

سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ سندھ کے ساتھ وفاق بار بار نا انصافی کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جب کوئی برا وقت آتا ہے تو قوم ایک ہوکر مقابلہ کرتی ہے۔ جب قوم کورونا سے لڑ رہی تھی وفاق حقوق چھیننے میں مصروف تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب عوام مشکل میں ہو تو وفاق کی نیت صاف ہونی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ پانی، سیوریج سمیت تمام مسائل کی وجہ این ایف سی میں صوبوں کا حق نہ ملنا ہے، ہمیں وفاق سے این ایف سی کا شیئر کم مل رہا ہے۔

چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبوں کو زیادہ کام دیے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ  ہمیں وفاق سے کچھ بدنیتی نظر آتی ہے، یہ بدنیتی ہماری کوششوں کو متاثر کرے گی۔

بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ سندھ میں مون سون کے دوران تاریخی بارش ہوئی۔

صوبے میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے کاموں پر انھوں نے کہا کہ ہم این ڈی ایم اے کے شکر گزار ہیں ’دیر آید درست آئے‘۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم کہتے ہیں کہ پارلیمان میں جمہوریت ہونی چاہیے۔

پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) پر بات کرتے ہوئے  بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی منصوبے کی نیب اور ایف آئی اے تحقیقات کرے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ وزیر اعظم ایک نامکمل منصوبے کا افتتاح کر رہے ہیں، بی آر ٹی مکمل ہے تو پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق تحقیقات ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت ہمیں کالونی بنانا چاہتی ہے، حکومت سندھ کے دارالحکومت پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔

بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے حکومت ایسا غیر آئینی اقدام نہیں کرے گی۔

تازہ ترین