• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی صدارتی نظام کے نفاذ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،ایچ اے پی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ہم عوام پاکستان کے مرکزی چیئرمین طاہر عزیز خان نے کہا ہے کہ ملک میں اسلامی صدارتی نظام کے نفاذ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،ملک میں صدارتی نظام کے نفاذ کے لئے ہم عوام پاکستان پارٹی کی بنیاد رکھی اور قلیل عرصے میں ملک بھر میں تنظیم سازی مکمل کرچکے ہیں ، بلوچستان کے ساتھ ہمیشہ ناانصافیاں ہوتی رہی ہیں یہاںکے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے کوئٹہ آئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پارٹی رہنمائوں حاجی پہلوان سلیمان خیل ، چیف آرگنائزر بلوچستان ملک سیف اللہ خان و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ رواں سال 23 مارچ کو ہم عوام پاکستان پارٹی کی بنیاد رکھی گئی اور 27 رمضان المبارک کو لاہور میں باقاعدہ پارٹی لانچ کی گئی ، قلیل عرصے کے دوران پورے ملک میں پارٹی کی تنظیم سازی مکمل کی جاچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قیام کا بنیادی مقصد 73 سال سے ملک پر مسلط پارلیمانی نظام کا خاتمہ اور اسلامی صدارتی نظام کا نفاذ ہے کیونکہ موجودہ پارلیمانی نظام قائداعظم کے اصولوں پر عمل درآمد ، انصاف اور سہولیات کی فراہمی نہیں کرپارہا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اکثر سیاسی پارٹیوں کے اندر صدارتی جبکہ ملکی سطح پر پارلیمانی نظام نافذ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں اسلامی صدارتی نظام کے نفاذ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اس سلسلے میں عوامی اور قانونی دونوں محاذ پر جنگ لڑیں گے جس کا باقاعدہ آغاز آج بروز جمعہ 14کو کوئٹہ ہاکی گرائونڈ میں جلسہ عام سے عوامی محاذ جبکہ 17جولائی کو سپریم کورٹ میں رٹ دائر کرکے قانونی محاذ پر کیا جائے گا ۔ کوئٹہ سے جلسے اور جلسوں کا آغاز بلوچستان کے عوام کو یہ یقین دلانے کے لئے کررہے ہیں کہ پورا پاکستان بلوچستان کے عوام کے ساتھ ہیں۔ 
تازہ ترین