پنجاب پولیس بلیک بک میں شامل 196 اشتہاریوں کو گرفتار نہ کرسکی، جن میں سے 47 اشتہاریوں کا تعلق گوجرانوالہ ریجن سے ہے۔
پولیس ریکارڈ کےمطابق بلیک بک میں شامل ملزمان کے سر کی قیمت 1 سے 20 لاکھ روپے مقرر ہے۔
ریکارڈ کے مطابق گوجرانوالہ کے بعد ڈیرہ غازی خان ریجن کے 40 اشتہاری بھی تاحال گرفتار نہیں کیے جاسکے ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق لاہور ریجن کے 28 اور شیخوپورہ ریجن کے 23 اشتہاریوں کو بھی پولیس اب تک اپنی گرفت میں نہ لے سکی۔
ریکارڈ کےمطابق سرگودھا اور فیصل آباد ریجن کے 17،17 اشتہاری بھی بلیک بک میں شامل ہیں جبکہ ملتان ریجن کے 9، بہاولپور، راولپنڈی اور ساہیوال کے 5،5 اشتہاری بھی تاحال پولیس کی گرفت سےآزاد ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اشتہاریوں کی گرفتاری کےلیے صوبے بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے، انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری اس آپریشن کے ذریعے جلد گرفتاریاں عمل میں آئیں گی۔