کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)رواں ماہ 11 اگست کو ریلیز ہونے والی پاکستان کی پہلی اوریجنل ویب سیریز ’چڑیلز‘ کے اگرچہ بولڈ اور تھرلر ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں چرچے ہیں۔تاہم اب پاکستانی ویب سیریز کی ٹیم پر ایک ٹوئٹر صارف نے ’چڑیلز‘ میں پیش کیے جانے والے ایک ’السٹریشن‘ خاکے کو چوری کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ٹوئٹر صارف آمنہ طارق نے اپنی ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ ’چڑیلز‘ کے آغاز میں دکھائی دینے والا خاکہ دراصل ایک فرانسیسی آرٹسٹ کے بنائے گئے خاکے کی کاپی ہے۔آمنہ طارق نے دعویٰ کیا کہ چڑیل ویب سیریز کے آغاز میں جس السٹریشن یعنی خاکے یا تصویر کو دکھایا گیا ہے، وہ دراصل ایک فرانسیسی آرٹسٹ ملیکا فیورے کے خاکے کی کاپی ہے۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ فرانسیسی آرٹسٹ نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے اوپینین کے لیے ایک خاکہ بنایا تھا، جسے پاکستانی ویب سیریز ’چڑیلز‘ کی ٹیم نے کاپی کیا۔آمنہ طارق کی ٹوئٹ کے بعد کئی لوگوں نے ’چڑیلز‘ کی ٹیم پر تنقید کی اور کہا کہ پاکستانی ویب سیریز کی ٹیم کو کسی کی محنت کو یوں کاپی نہیں کرنا چاہیے تھا اور اگر کاپی کیا تو کم از کم اصل آرٹسٹ کو کریڈٹ دینا چاہیے تھا۔آمنہ طارق کی ٹوئٹ پر فرانیسی آرٹسٹ ملیکا فیورے نے بھی کمنٹ کیا اور اپنے خاکے کی کاپی پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ عمل کو بدصورت قرار دیا۔آمنہ طارق کی ٹوئٹ پر دیگر صارفین نے ’چڑیلز‘ کی مرکزی اداکارہ ثروت گیلانی کی سوشل میڈیا پوسٹ کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے، جس میں اداکارہ کو کاپی کیے جانے والے خاکے کی تصویر کی تشہیر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔