خودکشی کرنے والے بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کیس میں مسلسل نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں جبکہ سی بی آئی ہر پہلو سے اس معاملے کی تحقیقات کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ گزشتہ روز سی بی آئی کی جانب سے سوشانت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشانت سنگھ خودکشی معاملے کی تحقیقات سی بی آئی نے شروع کردی ہے، اسی دوران گزشتہ روز سوشانت کی سات صفحات پر مشتمل پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آئی ہے، جو کہ پانچ ڈاکٹروں کی ٹیم نے لکھی ہے۔
سی بی آئی کی جانب سے جاری کردہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق سوشانت کی گردن پر 33 سینٹی میٹر کے گہرے نشان تھے، اُن کی زبان باہر نہیں ہوئی تھی اور اُن کے دانت بھی بالکل ٹھیک تھے جبکہ جسم پر کوئی چوٹ کے نشان بھی نہیں تھے۔
رپورٹ کے مطابق سوشانت کی آنکھوں کی پلکیں جزوی طور سے کھلی ہوئی تھیں اور جسم کے کسی بھی حصہ کی ہڈی ٹوٹی ہوئی نہیں تھی۔ اس کے علاوہ اُن کے منہ یا کان سے جھاگ یا خون نہیں نکل رہا تھا، سوشانت کے سب ہی داخلی اعضاء صحیح تھے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سوشانت کی گردن کی گولائی 49.5 سینٹی میٹر تھی، گلے کے نیچے 33 سینٹی میٹر کا لمبا گہرا نشان تھا جبکہ رسی کا نشان ہڈی سے 8 سینٹی میٹر نیچے تھا۔
سوشانت کے گلے کے دائیں جانب نشان کی موٹائی ایک سینٹی میٹر تھی جبکہ گلے کی بائیں جانب نشان کی موٹائی 3.5 سینٹی میٹر تھی۔ تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کا نہیں بتایا گیا ہے، اس حوالے سے سوشانت کے والد کے وکیل وکاس سنگھ کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں ان کی موت کا وقت کیوں نہیں درج ہے؟
انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ کا سب سے اہم حصہ ہوتا ہے۔ انہوں نے موت سے پہلے جوس اور ناریل کا پانی پیا تھا، مگر سوشانت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس کا کوئی تذکرہ نہیں ہے جبکہ جوس اور ناریل پانی تو اُن کے پیٹ میں ہوگا۔
وکیل وکاس سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ سوشانت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کچھ گڑبڑ ہے، اُن کے کمرے میں کوئی ٹول یا ٹیبل نہیں تھا تو کیسے انہوں نے خودکشی کرلی۔ اس حوالے سے سی بی آئی نے دہلی کے ماہر ڈاکٹروں کی مدد لی ہے لیکن سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ آخر پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کے وقت کا تذکرہ کیوں نہیں ہے۔
سوشانت کے والد کے کے سنگھ کے وکیل وکاس سنگھ نے مزید کہا کہ پوسٹ مارٹم صحیح طریقے سے نہیں ہوا یا پھر رپورٹ صحیح نہیں لکھی گئی، انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سی بی آئی کی جانچ میں سب واضح ہوجائے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سی بی آئی کی ایک ٹیم نے دو روز قبل ممبئی کے اسپتال کا دورہ بھی کیا تھا جہاں سوشانت کا پوسٹ مارٹم ہوا تھا۔ سی بی آئی کی ٹیم نے اسپتال کے ڈین سے ملاقات کی تھی اور کہا تھا کہ افسران اُن ڈاکٹروں سے بھی ملیں گے جنہوں نے پوسٹ مارٹم کیا تھا۔