کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں ذاتی طورپر نوازشریف کو باہرجانے کی اجازت دینے کا حامی تھا،وزیرتعلیم سندھ سعیدغنی نے کہا کہ وفاقی اورصوبائی حکومت کی کمیٹی کا پہلا کام نالوں پرسے تجاوزات کا خاتمہ ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ سپریم کورٹ نیب کے کردار سے پردہ ہٹا چکا ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم کو نوازشریف کے بیرون ملک جانے کا افسوس ہے ،وزیراعظم کو اندازہ ہوگیا کہ ان کے ساتھ دھوکا ہوا ہے ،میں ذاتی طور پر نوازشریف کو باہر جانے کی اجازت دینے کا حامی تھا وہ یہاں رہیں یا برطانیہ میں کوئی فرق نہیں پڑتا ۔
یہ سڑکوں پر آنے والی جماعت نہیں،لوگ ڈیل کے بغیر باہر نہیں جاتے کہیں نہ کہیں معاملہ طے ہوتا ہے ۔ کابینہ میں فیصلہ ہوا کہ برطانوی حکومت سے رابطہ کرکے نوازشریف کوواپس لایا جائے گا وہ ملزم نہیں بلکہ مجرم ہیں ۔فضل الرحمان ضمانت لئے بغیر اپوزیشن کا ساتھ دینے کیلئے تیار نہیں ہوں گے وہ سمجھ گئے ہیں ان کے تلوں میں تیل نہیں۔
یکم ستمبر کو ہونے والی پیشی میں نوازشریف کے خلاف کچھ بھی ہوسکتا ہے ،اسحاق ڈار کی طرح ممکن ہے نوازشریف بھی لندن میں رہنے کا انتظام کرلیں ۔