خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ مسئلہ حل نہ ہونے پر اسمبلی کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں قابل قبول نہیں ہیں، جو دھمکیاں دیتے ہیں ان کو اسکین کیا جائے۔
جمعیت علماء اسلام (ف) کے رکن لطف الرحمان نے کہا کہ ممبر نے جذبات میں علاقے کے مسائل کا تذکرہ کیا۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ایک ممبر نے اسمبلی کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی تھی، جمہوری ادارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو کیوں ٹکٹ دیتے ہیں جو اسمبلی کو بموں سے اڑانے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ مسئلہ حل نہ ہونے پر اسمبلی کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں قابل قبول نہیں، ہمیں خوف آ رہا ہے جو دھمکیاں دیتے ہیں ان کو اسکین کیا جائے۔
جے یو آئی کے رکن اسمبلی لطف الرحمان نے کہا کہ ہمارے ممبر نے جذبات میں آکر اسمبلی میں غلط الفاظ استعمال کیے۔
انہوں نے کہا کہ ممبر نے جذبات میں علاقے کے مسائل کا تذکرہ کیا۔
لطف الرحمان نے کہا کہ صوبہ دہشت گردی کے ماحول سے گزرا ہے، صوبے کو پُرامن بنانا ہے تو مسائل کو حل کرنا ہوگا۔
رکن اسمبلی جے یو آئی ف نے کہا کہ عصام الدین کے والد رکن قومی اسمبلی تھے، ان کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایاگیا، مولانا فضل الرحمان پر بھی تین حملے ہوچکے ہیں۔