سندھ ہائیکورٹ نے گجر نالے پر تجاوزات ہٹانے کا آپریشن روکنے کی درخواست پر اس کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرلئے۔
گلبرگ کے شہری شفیع نے درخواست دائر کر کے آپریشن روکنے کی زبانی استدعا کی جو عدالت نے مسترد کر دی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ وہ گزشتہ 50 برسوں سے طیبہ ٹائون گلبرگ میں رہائش پذیر ہیں اور کے ایم سی کی جانب سے اراضی لیز کرنے کے بعد گھر بنایا ہے جو قانونی ہے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ گجر نالے کے اطراف پہلے 30 فٹ اور اب 105 فٹ تک گھر گرانے کی بات ہو رہی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ زندگی کی جمع پونجی لگا کر گھر بنایا ہے جو اب گرانے کی بات ہو رہی ہے، لیز گھر گرانے سے حکام کو روکا جائے۔
عدالت نے آپریشن روکنے کی زبانی استدعا مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر درخواست گزار سے دلائل طلب کر لئے ہیں ۔