اسلام آباد (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں ) وفاقی دارالحکومت کے تھانہ شہزاد ٹاون کے علاقے سے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے جوائنٹ سیکرٹری ساجد گوندل کو مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا ، پولیس کے مطابق ون فائیو پر اطلاع موصول ہوئی کہ این اے آر سی کے باہر ایک سرکاری نمبر پلیٹ کی گاڑی رات سے کھڑی ہوئی ہے جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر گاڑی قبضے میں لیکر تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ گاڑی مذکورہ افسر کی ہے جس پر پولیس کی جانب سے انکے اہل خانہ سے رابطہ کیا گیا، اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ ساجد گوندل رات کو اپنے فارم ہاؤس گئے تھے جنہوں نے صبح نو بجے واپس آنے کا کہا تھا تاہم ہمیں اس بارے میں کوئی علم نہیں ہے،پولیس نے مغوی کی بیوی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ، پولیس کے مطابق کارڈیٹا کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے اور اس کا مختلف پہلوئوں سے جائزہ لے رہے ہیں ، تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ مغوی کے بیٹے نے بتایا کہ جمعرات کی رات کچھ لوگ انکے والد کو ملنے کیلئے آئے تھے جنہیں اس نے اپنے فارم ہائوس کا پتہ بتادیا تھا ،ترجمان ایس ای سی پی کے مطابق محمد ساجد گوندل ادارے میں ایڈیشنل جوائنٹ ڈائریکٹر ہیں جوجمعرات کی شام سے لا پتہ ہیں،ایس ای سی پی نے بطور ادارہ، انکے خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اس مشکل لمحے میں ا نکے خاندان کو مکمل مدد فراہم کر رہا ہے،عملہ انکی جلد اور محفوظ واپسی کیلئے دعا گو ہے،ادھروزیراعظم کے مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے ساجد گوندل کی گمشدگی سے متعلق سوشل میڈیا پر اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو انکی جلد بازیابی کی ہدایت کردی ہے ، وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے ایس ای سی پی کے جوائنٹ ڈائریکٹر کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بطور حکومت انکی جلد بازیابی کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے، پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کر دی ہے ،تمام شہریوں کی جانوں کا تحفظ ہماری آئینی ذمہ داری ہے، قانون کی حکمرانی ضروری ہے اور سب کے ساتھ قانون کے مطابق ہی نمٹنا چاہیے ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے بھی سرکاری افسر کے پر اسرار اغواء کو خطر ناک خبر قرار دیا ہے اور مغوی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے ،ایمنسٹی انٹرنیشنل سا ئوتھ ایشیا ء چیپٹر نے اپنے بیان میں افسر کے لاپتہ ہونے کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہو ئے اس کی فوری باز یابی پر زور دیا ہے،علاوہ ازیں سرکاری افسرکی بازیابی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے،لاپتہ ساجد گوندل کی والدہ عصمت بیگم کی جانب سے دائر درخواست میں دفاع و داخلہ کے سیکرٹریز ، آئی جی پولیس اسلام آباد اور ایس ایچ او تھانہ شہزاد ٹاؤن کو فریق بنایا گیا ہے۔