اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) کراچی پیکیج کے حوالے سے وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ رقم براہ راست سندھ حکومت کو نہیں دے سکتے ۔
وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نےکہا کہ کراچی پیکیج کی سرپرستی وفاق ہی کرے گا،کراچی پیکیج کے فنڈز سندھ حکومت کو نہیں دے سکتے، پیسوں کیلئے سندھ حکومت پر اعتبار نہیں ، فنڈز کے معاملے میں سندھ حکومت کا ریکارڈ اچھا نہیں ہے۔
این ایف سی ایوارڈز کے ذریعے جو فنڈز دیئے سندھ میں کہیں لگتے نظر نہیں آئے ، شفافیت یقینی بنانے کیلئے کمیٹی میں کور کمانڈر کراچی اور این ڈی ایم اے کو شامل کیا ، پاک فوج اور این ڈی ایم اے کی شمولیت کے بعد تسلی ہے کہ فنڈز ٹھیک لگیں گے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کراچی پیکیج پر مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں، مراد علی شاہ انہیں نکیل ڈالیںانہیں جھوٹ بولنے سے منع کریں۔
تفصیلات کے مطابق پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اور سندھ حکومت کراچی پیکیج سے متعلق حقائق کو توڑ موڑ کر پیش کر رہی ہے۔
کراچی پیکیج کے تحت تمام منصوبوں کی سرپرستی وفاقی حکومت کرے گی ،611ارب وفاق ادا کرے گی جبکہ باقی فنڈز صوبائی حکومت کے ذمہ ہیں ، مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت نیب کے سامنے بھیگی بلی بنی ہوتی ہے اور باہر نکل کر اٹھائی گئی ہزیمت بیان کرنے کی بجائے جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں ، اپنے اکاؤنٹس بھرنے والوں کو عوام نے ووٹ کی طاقت سے مسترد کیا ہے۔
تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی حکومت ایسے صوبے جہاں ان کی حکومت نہیں ہے ان کی ترقی اور خوشحالی میں دلچسپی لیتے ہوئے رکے ہوئے منصوبوں کو مکمل کرنے جارہی ہے ، ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی سے وہ لوگ پریشان ہیں جنہوں نے پاکستان میں منی لانڈرنگ کی بنیاد رکھی ، انہی لوگوں کی وجہ سے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کیاگیا۔
پارلیمنٹ میں ملکی مفاد کے خلاف رائے دینے والے دشمنوں کے آلہ کار سمجھے جائیں گے کیونکہ بھارت نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں ڈالنے کی ہر کوشش کر دیکھی ، این آر او کی کوئی خاص شکل نہیں ہوتی بلکہ ایسا ہی ریلیف ہوتا ہے جس سے شخصیات کو قانون سے بالاتر سمجھا جاتا ہے۔
اپوزیشن کو این آر او دینے سے بہتر ہے کہ پورے ملک کی جیلوں کو کھول دیا جائے اور چھوٹے جرائم کرنے والوں کو بھی ایسے ہی آزاد کیا جائے جیسی آزادی اپوزیشن مانگ رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو وزیراعظم کراچی پیکیج کے حقائق سے آگاہ کررہے ہیں کہ وزیراعظم قومی سوچ کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے سندھ کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کررہے ہیں ایک کھرب ایک ارب کے اس پیکیج میں وفاق اور صوبائی حکومت کا حصہ ہے اور منصوبوں کی عمل درآمد کا مکینزم بھی طے پا یا تھا۔