پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکلاء نے اڈیالہ جیل حکام سے بانی چیئرمین کے طبی معائنے کا تحریری ریکارڈ مانگ لیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے معاملے میں انصاف لائرز فورم کے وکلا ء کا وفد اڈیالہ جیل راولپنڈی پہنچا ہے۔
وفد میں شامل 6 وکلاء کو گیٹ نمبر 3 سے اندر جانے کی اجازت مل گئی، اس کے بعد انہوں نے جیل حکام سے ملاقات کی اور طبی معائنے سے متعلق تحریری طور پر درخواست جمع کرادی۔
وکلاء کی درخواست میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تشویش ہے، میڈیکل رپورٹس دی جائیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ 6 وکالت نامے دستخط کے لئے بھجوائے گئے تھے، ابھی تک نہیں ملے، وکالت ناموں پر دستخط کے بعد توشہ خانہ ٹو کیس میں ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنی ہے۔
پی ٹی آئی لائرز فورم کے عہدیدار اویس یونس نے دیگر وکلا ء کے ہمراہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ ہم نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے نام ایک خط لکھا ہے، ہمارا مطالبہ ہے بانی کی میڈیکل رپورٹس ان کی فیملی کو دی جائیں۔