پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ عُمر نے لاہور موٹروے واقعے پر مردوں کے خیالات پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنا پیغام جاری کیا ہے۔
عائشہ عُمر نے لاہور موٹروے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سوالیہ انداز میں لکھا کہ ’لاہور موٹروے واقعے پر مرد اتنے حیران کیوں ہیں؟‘
اداکارہ نے مرد حضرات سے سوال کرتے ہوئے لکھا کہ ’کیا پہلی بار اِس ملک میں کسی عورت کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے؟‘
اُنہوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ہمارے ملک کی حقیقت ہے کہ یہ یہاں عورت سڑکوں پر، بازاروں میں، اپنی گاڑیوں میں، اپنے گھروں میں اور اپنی قبروں میں بھی محفوظ نہیں ہیں۔‘
عائشہ عُمر کے ٹوئٹ پر سعد بھٹی نامی ٹوئٹر صارف نے جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’اِس دردناک واقعے کے بعد مرد حیران ہوگئے ہیں کیونکہ تمام مرد وحشی درندے نہیں ہوتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل عائشہ عُمر نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ لاہور موٹروے واقعے کے بعد وہ خود کو پاکستان میں غیر محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔
اداکارہ نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ وہ جب کسی غیر ملک میں ہوتی ہیں تو رات کے ایک بجے بھی سڑکوں پر اکیلے پیدل گھوم رہی ہوتی ہیں اور وہ خود کو محفوظ محسوس کرتی ہیں لیکن اپنے ہی ملک میں وہ خود کو غیر محفوظ کر رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: لاہور، موٹروے پر خاتون سے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی
اُن کا کہنا تھا کہ اگر وہ پاکستان میں اپنی ہی کار میں موجود ہوں گی تو پھر بھی خود کو غیر محفوظ ہی سمجھیں گی۔
خیال رہے کہ لاہور کے علاقے گجرپورہ میں سیالکوٹ موٹروے پر گوجرانوالہ واپس جانیوالی کار سوار ثناء نامی خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: موٹروے واقعہ، فنکاروں کا ملزمان کو سرعام پھانسی کا مطالبہ
ثناء کا لاہور موٹر وے پر گاڑی کا پیٹرول ختم ہو گیا تھا اور اسی دوران ملزمان نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خاتون کو زدوکوب کیا اور گاڑی کے شیشے توڑ کر انہیں گن پوائنٹ پر کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔