• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری نثار سے طیارے میں بات ہوئی انہیں ایف 9 پارک میں جلسے پر اعتراض نہیںِ ،عمران خان

لندن‘لاہور (مرتضیٰ علی شاہ‘ایجنسیاں ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پر چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن بنا تو دھرنا نہیںدینگے ‘ ریٹائرڈججز پر مشتمل کمیشن قبول نہیں‘ایساہواتوسڑکوں پر نکلیں گے‘ انصاف نہ ملا تو دھرنا آخری آپشن ہوگا‘ حکومت خوداپنے آپ کو غیرمستحکم کررہی ہے‘طیارے میں  چوہدری نثار سے بات ہوئی ہے ‘انہیں 24اپریل کو پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کے موقع پر ایف نائن پارک میں جلسے پر کوئی اعتراض نہیں ۔جمعرات کولندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پاناما لیکس سے پوری دنیا میں ہل چل مچ گئی ہے‘ ان دستاویزات میں انتہائی اہم انکشافات کئے گئے ہیں جن کا تعلق پاکستان کے مستقبل سے ہے ‘ اس لئے ان کی جماعت اس معاملے پر خاموش نہیں  رہے گی‘ہم معاملے کی آزادانہ انکوائری چاہتے ہیں‘چیف جسٹس کی سربراہی میں انکوائری ہوگی تو ہم بھی مدد کرینگے‘ تین فرانزک آڈٹ کمپنیوں سے ملاقات کرینگے ‘ کوئی سمجھتا ہے کہ ریٹائرڈ جج بٹھا دینگے تو ایسا نہیں ہونے دینگے‘ اس پر خاموش نہیں رہیں گے‘ ساری جماعتیں چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن پر متفق ہیں ‘اگر حکومت نے بات نہ مانی تو پھر دھرنا آخری آپشن ہوگا‘انصاف نہ ملا تو سڑکوں پر ہونگے‘ عمران خان نے کہا کہ جہاز میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے یوم تاسیس کے جلسے کے اجازت نامے پر بات ہوئی اور چوہدری نثار کو ایف نائن پارک میں  ہمارے جلسے پر کوئی اعتراض نہیں‘انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کا خیال تھا کہ شاید تحریک انصاف کے کارکن جلسے کے موقع پر ڈی چوک کا گھیرائو کر لیں گے لیکن انہیں یقین دلا یا کہ 24 اپریل کو تحریک انصاف کا 20 واں یوم تاسیس ہے جس کے سلسلے میں اسلام آباد ایف نائن میں ایک تاریخی جشن منا یا جائے گا۔عمران خان نے بتا یا کہ یقین دہانی کرانے پر وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے‘ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت کو غیر مستحکم نہیں کرنا چاہتے حکومت خود اپنے آپ کو غیر مستحکم کررہی ہے ۔قبل ازیں لندن روانگی سے قبل لاہورمیں گفتگوکرتے ہوئے عمران خان کاکہناتھاکہ 20 سال سے کوشش کر رہا ہوں کہ حکمرانوں کا احتساب ہو اور لگتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کو پاکستانی قوم پر ترس آ گیا ہے ، اگر نواز شریف بیمار ہیں تو دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں تکلیف سے دور رکھے اور صحت عطا کرے ‘کپتان نے مزیدکہاکہ جمہوریت میں حکمران جوابدہ ہوتے ہیں ‘پاکستان کا بڑا زبردست مستقبل دیکھ رہا ہوں، قبل ازیں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاناما لیکس پر احتساب کا سنہری موقع ملا ہے ، اللہ نے میری کھیلوں کے میدانوں میں تیاری کروائی ہوئی ہے ،اب اس سے پیچھے نہیں ہٹوں گا اور اس موقع کو ہاتھ سے جانے نہیں دوں گا کیونکہ اس سے ہم اپنے ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں‘ اگر احتساب ہو گا تو آئندہ سے لوگ ملک کا پیسہ لوٹنے ، باہر جا کر عیاشیاں کرنے سے ڈریں گے ۔یہ کیسی جمہوریت جس میں حکمران لوٹ مار کریں اورملک کے عوام یہاں بھوکے مریں ، آئندہ سے ایسا نہیں ہو گا ۔ پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر 24اپریل کو اسلام آباد میں لائحہ عمل کا اعلان کروں گا اس کے بعد جو ہو گا پھر وہ برداشت نہیں کر سکیں گے ‘ پاناما لیکس کا سلسلہ کہیں ختم ہونے یا جانے والا نہیں ، اقتدار میں رہنے والی دونوں جماعتیں ایک دوسرے کو بلیک میل کرتی رہیں اور تحفظ دیتی رہی ہیں لیکن اب یہ پھنس گئے ہیں کیونکہ پاناما لیکس کوئی مسترد نہیں کر سکتا ، ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ یہ عجیب بات ہے کہ کرپشن کیسز میں حکمرانوں کو جمہوریت خطرے میں دکھائی دیتی ہے لیکن وہ جمہوریت کی آڑ میں نہ چھپیں ۔
تازہ ترین