وزیرِاعظم عمران خان کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محروم طبقات کی بحالی کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں، کورونا وباء کے دوران جو اقدامات کیے گئے پوری دنیا ان کی تعریف کر رہی ہے۔
لاہور میں ڈیفنس روڈ پر چِلڈرنز ہارٹ فاؤنڈیشن اسپتال کے سنگِ بنیا د کی تقریب میں ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ یہ اسپتال دل میں پیدائشی سوراخ والے بچوں کو صحت کی سہولت فراہم کرے گا۔
اسپتال کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر فرحان نے بتایا کہ اسپتال دو مرحلوں میں مکمل ہوگا، پہلے مرحلے پر دو ارب سے زائد لاگت آئے گی۔
چلڈرنز ہارٹ فاؤنڈیشن کے ممبر کرکٹر مصباح الحق کا کہنا تھا اس کار خیر میں ان کی فیملی اور کرکٹ سے وابستہ لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، لوگوں سے اپیل ہے کہ اسپتال کی تکمیل کے لیے ہر ماہ عطیات دیں۔