• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد: جج جہانگیر اعوان کے زخمی ہونے کی میڈیکو لیگل رپورٹ تیار


اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کے زخمی ہونے کی میڈیکو لیگل رپورٹ تیار کرلی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد جہانگیر اعوان کی میڈیکو لیگل رپورٹ میں ان پر تشدد کی تصدیق ہوگئی۔

اسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ جہانگیر اعوان کے بائیں پیر کی چھوٹی انگلی میں فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے۔

جج جہانگیر اعوان کی بائیں آنکھ کے اوپر خراش، ناک پر زخم، چہرے پر خراشیں ہیں۔

اسپتال ذرائع  کے مطابق جہانگیر اعوان کے اوپر والے ہونٹ پر خراشیں پائی گئیں۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں پیٹرول پمپ پر ہونے والے جھگڑے پر ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے مقدمہ کے اندراج کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

انھوں نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ پولیس کو بیان بھی قلمبند کروادیا مگر مقدمہ درج نہیں کیا گیا، عدالت پولیس کو مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کرے۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ درخواست گزار کی میڈیکو لیگل رپورٹ آنے پر کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ اپنی درخواست میں ایڈیشنل سیشن جج نے بتایا تھا کہ وہ گاڑی میں پیٹرول بھروا رہے تھے کہ 2 افراد نے انھیں مارنا شروع کر دیا، جس کے باعث سر، منہ، آنکھوں، ناک، ہونٹ اور پاؤں پر چوٹیں آئیں۔

ایڈیشنل سیشن جج نے کہا کہ انھوں نے اپنی جان بچانے کے لیے فائر کیا جس پر حملہ آور بھاگ گئے۔

تازہ ترین