• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PMLN جاپان کا حکومتی سرپرستی میں انتقامی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ

مسلم لیگ نون جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک میں حکومتی سرپرستی میں جاری سیاسی انتقام کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے احکامات جاری کرے تاکہ ملک میں سیاسی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے اور ملک کی معیشت میں استحکام آسکے۔

گزشتہ روز مسلم لیگ یوتھ ونگ جاپان کے صدر ملک ارشد کی حلف برداری کی تقریب سے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ملک نور اعوان نے کہا کہ حقیقی طور پر مسلم لیگ نون ہی پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جسے مصنوعی طریقے سے شکست سے دوچار کیا گیا لہذا جب نون لیگ کی قیادت کے خلاف دو سال سے انتقامی کارروائیاں جاری رہیں گی تو ملک میں افراتفری پیدا ہونا لازمی امر ہے ۔

ملک نور اعوان نے کہا کہ پہلے میاں نواز شریف کو جیل میں مبینہ طور پر زہریلی خوراک کے زریعے نقصان پہنچانے کی کوششش کی گئی تاہم جب عدالت کے زریعے نواز شریف علاج کے لیے باہر چلے گئے تو اب ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف کو نیب میں طلب کرکے قاتلانہ حملہ کرایا گیا جبکہ اب حمزہ شہباز کو جیل میں پرسرار طریقے سے کورونا کے مرض میں مبتلا کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمراں یاد رکھیں عوام یہ تمام مظالم بھولیں گے نہیں اور حکمرانوں سے ان تمام مظالم کا جواب لیں گے۔

ملک نور اعوان نے کہا کہ اس وقت ملک کی معیشت کو صرف ایک ہی شخص سنبھال سکتا ہے اور وہ ہے اسحاق ڈار جس کی بدولت پانچ سال تک روپیہ مضبوط رہا، ملک کی معیشت مضبوط رہی عالمی ادارے پاکستان کی معیشت کو بہترین قرار دیتے رہے اور ملک معاشی ترقی کرتا رہا اس وقت پوری قوم اسحاق ڈار جیسے رہنما اور ماہر معیشت کے انتظار میں ہے۔

اس موقع پر نون لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے اپنے خطاب میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اتنے مظالم کرے جتنے وہ بعد میں خود بھی سہہ سکے، جو نیب گردی آج حکومت کررہی ہے وہی نیب کل آج کے حکمرانوں کے خلاف بھی استعمال ہوسکتا ہے۔

نون لیگ جاپان کے جنرل سیکریٹری شمس بٹ، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری چوہدری عنصر اور یوتھ ونگ کے صدر ملک ارشد محمود نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین